پاکستان میں آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے حکومت سے مذاکرات کے بعد 3 روزتک جاری رہنے والی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان میں آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے حکومت سے مذاکرات کے بعد 3 روزتک جاری رہنے والی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اطلاعات مطابق وزارت پیٹرولیم کے حکام اورآئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور کامیاب ہوگیا۔ حکومت کی جانب سے آئل ٹینکرزکے کرایوں کی شرح بڑھانے پررضا مندی ظاہرکرنے اور15 روزمیں تمام مسائل کا حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد آئل ٹینکرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

آئل ٹینکرزایسوسی ایشن کے سربراہ یوسف شاہوانی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کے دوران وزارت پیٹرولیم کے سیکریٹری کی جانب سے اچھا رویہ رہا اورانہوں نے ہمارے مطالبات کوتسلیم کیا ہے جس پرہم ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہڑتال کے باعث پٹرولیم نہ ملنے سے عوام کو جومشکلات درپیش آئیں اس کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔ ہم نے 20 جولائی کو ہڑتال کی کال دی تھی لیکن ہم نے اسے 24 جولائی تک مؤخر کیا۔