آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کے لئے ملک گیر ہڑتال کردی ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں غیر معینہ مدت کے لئے ملک گیر ہڑتال کردی ہے۔چیئرمین آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن میر یوسف شاہوانی  کے مطابق پہیہ جام ہڑتال اوگرا، پنجاب پولیس، سندھ ایکسائز پولیس اور دوسرے  اداروں کے خلاف کی جارہی ہے اور مطالبات منظور ہونے تک پورے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بند رکھی جائے گی۔سندھ اور پنجاب میں کرایوں میں جبری کٹوتی کی جارہی ہے جب کہ موٹر وے پولیس ناجائز جرمانے اور چالان کر رہی ہے۔ انہوں نے  وزیراعظم سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹرز کے مطالبات منظور کیے جائیں۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے اثرات 10 فیصد سے زیادہ نہیں پڑیں گے کیونکہ آئل ٹینکرز مالکان کے 3 گروپس میں سے صرف ایک گروپ نے ہڑتال کی ہے جب کہ پٹرولیم ڈیلرزکا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پمپس پر وافرتیل موجود ہے۔