امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر کی جانب سے افغانستان میں موجودہ امریکی فوجیوں کو نجی سکیورٹی ٹھیکیداروں سے تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے نیویارک ٹائمز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خصوصی مشیر کی جانب سے افغانستان میں موجودہ امریکی فوجیوں کو نجی سکیورٹی ٹھیکیداروں سے تبدیل کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔اطلاعات کے مطابق ٹرمپ کے خصوصی مشیر ہر اس ممکنہ راستے پر غور و فکر کرنے میں مصروف ہیں جس کے ذریعے افغانستان میں نجی سکیورٹی ٹھیکیداروں کو تعینات کیا جاسکے۔ذرائع کے مطابق امریکی صدر کے 2 مشیروں نے ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر ارکان کے ساتھ اس معاملے پر تفصیلی بات چیت کی، جن میں امریکی صدر کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل تھے۔ اطلاعات کے مطابق جیرڈ کشنر اور اسٹیفن بینون نے 2 نجی دفاعی کمپنیوں کے ٹھیکیداروں کو بھرتی کیا ہے جس کا مقصد افغانستان میں امریکا کے ہونے والے نقصان کو کم سے کم کرنا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق افغانستان میں جاری طویل امریکی جنگ پر پینٹاگون اور وائٹ ہاؤس ایک دوسرے سے خوش اور مطمئن نظر نہیں آتے بلکہ دونوں اداروں میں فاصلہ بڑھتا جارہا ہے۔