مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلی اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال نے اپنے صوبہ کے غریب شہریوں کو صحت کے حوالے سے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دہلی میں کسی مریض کو سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کے لئے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت دیا جائے تو ایسے مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے سرجری کرا لیں ان کے ہسپتال کے اخراجات دہلی سرکار ادا کرے گی ۔ اطلاعات کے مطابق اروند کیجریوال کی ریاستی حکومت نے اہلیان دہلی کے لئے صحت کے حوالے سے ایک نئی سکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں ایک ماہ تک سرجری کی تاریخ نہ ملنے پر مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال میں آپریشن کرا سکیں گے،پرائیویٹ ہسپتال سے کرائے گئے آپریشن کے اخراجات کی ادائیگی دہلی حکومت ادا کرے گی ۔صحت کی نئی سکیم کا افتتاح کرتے ہوئے اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ اگر مریض کو کوئی بھی بیماری ہے اور اسے سرکاری ہسپتال کی جانب سے ایک ماہ کے اندر سرجری کی تاریخ نہیں مل رہی تو وہ پرائیویٹ ہسپتال میں بھی سرجری کرا سکتا ہے،دہلی حکومت نے 52 اہم سرجری کے لئے پرائیویٹ ہسپتالوں میں علاج کرانے کی رعایت دی ہے، جس میں دل کے بائی پاس آپریشن سے لیکر 8 قسم کی تھائیرایڈ سرجری، پروسٹیٹ سرجری، 9 قسم کے پائلز آپریشن، کان اور گلے وغیرہ کے آپریشن شامل ہیں۔ اروند کیجریوال کا کہنا تھا کہ دہلی حکومت عوام کے لئے صحت کی سہولیات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، یہ اقدام صرف دہلی نہیں بلکہ پورے ملک کے لئے بھی تاریخی ہے، گزشتہ تین سال میں دہلی حکومت نے 25 فیصد تعلیم پر تو 14 فیصد بجٹ صحت کی سہولیات پر خرچ کیا ہے۔ادھر دہلی کے شہریوں نے وزر اعلیٰ اروند کیجریوال کے اس اقدام کو سراہتے ہو ئے اسے عوام کے لئے بہترین قدم قرار دیا ہے ۔
اجراء کی تاریخ: 8 جولائی 2017 - 22:59
ہندوستان کے دارالحکومت دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے صحت کے حوالے سے بڑی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دہلی میں کسی مریض کو سرکاری ہسپتالوں میں آپریشن کے لئے ایک ماہ سے زیادہ کا وقت دیا جائے تو ایسے مریض کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے سرجری کرا لیں ان کے ہسپتال کے اخراجات دہلی سرکار ادا کرے گی ۔