اسلامی جمہورہہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے ہفتہ عدلیہ کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے دشمن ایران کی علمی پیشرفت اور ترقی کے خلاف ہیں اور ہمیں باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ دشمن کے شوم منصوبوں کو ناکام بنانا چاہیے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں سربراہی اجلاس کے ہال میں ایران کی تینوں قوا کے سربراہان کی موجودگی میں ہفتہ عدلیہ کی مناسبت سے عدلیہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اسلامی جمہورہہ ایران کے صدر حجۃ الاسلام والمسلمین حسن روحانی نے ہفتہ عدلیہ کی مناسبت سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے دشمن ایران کی علمی پیشرفت اور ترقی کے خلاف ہیں اور ہمیں باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعہ دشمن کے شوم منصوبوں کو ناکام بنانا چاہیے۔

صدر حسن روحانی نے ایران کے بنیادی آئین کے معمار آیت اللہ شہید بہشتی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید بہشتی ، ایران کے ایک اچھے نامور اور لائق مدیر تھے جو اپنی خاص خصوصیات کی وجہ سے پہچانے جاتے تھے۔

صدر حسن روحانی نے آیت اللہ شہید بہشتی کو ایک فعال اور صابر شخصیت قراردیتے ہوئے کہا کہ شہید بہشتی اتنے صابر تھے کہ صبر تھک جاتا تھا لیکن وہ نہیں تھکتے تھے اور وہ سن 58 اور سن 59 ہجری شمسی میں اسلامی نظام کے سب سے زیادہ مظلوم انسان تھے جو بے بنیاد الزامات کو سن کر خاموش رہتے تھے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ دشمن ہمیں اپنے اصلی مسائل سے ہٹا کر فرعی مسائل میں دھکیلنا چاہتا ہے لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ماضی کیطرح دشمن کےتمام شوم منصوبوں کو ناکام بنادیں اور دشمن کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے ہمیں باہمی اتحاد اور یکجہتی کی سخت ضرورت ہے۔

صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج ہم نے رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایت اور سرپرستی میں ایٹمی معاملے پر لگائی گئی پابندیوں کو ختم کیا ہے لیکن امریکہ ، اسرائيل اور سعودی عرب اب بھی ایران کے خلاف اپنی دشمنی اور عداوت جاری رکھے ہوئے ہیں جبکہ  یورپی ممالک، روس اور چین  مشترکہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران کے ساتھ  ہوگئے ہیں اور انھوں نے پابندیوں کو ختم کردیا ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ آج امریکہ سکیورٹی کونسل میں ایران کے خلاف کوئی قرارداد آسانی کے ساتھ منظور نہیں کرواسکتا کیونکہ ہم نے دنیا کے سامنے امریکہ کے مکر و فریب کو آشکار کردیا ہے اور ہم نے ثابت کردیا ہے کہ ایران کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کے لئے ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ انقلابی ہونے کا مطلب یہ ہے کہ ہم امریکہ کو دنیا میں رسوا اور الگ تھلگ کریں۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کے دشمن ایران کی علمی ، اقتصادی اور صنعتی پیشرفت کو روکنا چاہتے ہیں  لیکن ایران، رہبر معظم انقلاب کی ہدایات کے سائے میں اپنے اعلی اہداف کی سمت گامزن رہے گا۔