فلپائن کے شہر مراوی میں اہم عمارتوں اور دیگر املاک سےوہابی دہشت گرد تنظیم داعش کا قبضہ چھڑانے کے لیے فوجی آپریشن 8 روز سے جاری ہے اور اب تک 105 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ فلپائن کے شہر مراوی میں اہم عمارتوں اور دیگر املاک سےوہابی دہشت گرد تنظیم  داعش کا قبضہ چھڑانے کے لیے فوجی آپریشن 8 روز سے جاری ہے اور اب تک 105 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔اطلاعات کے مطابق فلپائن کے شہر مراوی کی گلیوں میں لاشیں بکھری پڑی ہیں لیکن انہیں کوئی اٹھانے والا نہیں۔ سرکاری افواج داعش دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ہیلی کاپٹروں سے میزائل حملے کررہی ہیں اور گلی گلی شدید جھڑپیں ہورہی ہیں۔ متعدد عمارتوں سے دھواں اٹھ رہا ہے۔حکومت نے دہشت گردوں پر ہتھیار ڈالنے کے لیے زور دیا ہے تاکہ شہر میں پھنسے ہوئے عام شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے۔ شہر کی 2 لاکھ کی آبادی میں سے اب تک 90 فیصد پڑوسی شہر الیگان منتقل ہوچکی ہے، جہاں حکام نے رات کا کرفیو نافذ کردیا ہے تاکہ مروای کی جنگ الیگان تک نہ پھیلنے پائے۔لڑائی کا آغاز گزشتہ منگل سے ہوا جب داعش  سے منسلک مقامی تنظیموں ابو سیاف اور مورو گروپ کے دہشت گردوں نے سیکورٹی فورسز کو باہر نکال کر مسلم اکثریتی آبادی والے شہر مراوی پر قبضہ کرلیا اور سیاہ جھنڈے لہرا دیئے۔ وزیر دفاع کا کہنا ہے کہ وہابی دہشت گردوں کی تعداد صرف 100 ہے جن میں ملائیشیا، انڈونیشیا اور سنگاپور سے تعلق رکھنے والے غیر ملکی دہشت گرد بھی شامل ہیں۔