مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مالاکنڈ میں مشتعل افراد نے واپڈا ہاؤس کو ہی آٓگ لگا دی۔اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخواہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ عوام سراپا احتجاج ہیں، صوبے کے مختلف علاقوں میں پر تشدد احتجاج جاری ہے۔ مالاکنڈ کے علاقے درگئی میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے واپڈا ہاؤس کا گھیراؤ کرلیا۔ لوگوں نے دفتر میں گھس کر ریکارڈ اور دیگر سامان کو آگ لگانے کے بعد عمارت کو بھی نذر آتش کردیا۔ صورت حال قابو سے باہر ہونے پر لیویز اہلکاروں نے ہوائی فائرنگ کردی جس کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق جب کہ 11 زخمی ہوگئے۔چارسدہ کے علاقے عمرزئی میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرے کے دوران تنگی روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا، احتجاج کرنے والوں کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ حل نہ ہوا تو وہ واپڈا آفس کا گھیراؤ کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی وفاقی حکومت نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے اپنے وعدوں پر بالکل عمل نہیں کیا جس کے نتیجے میں پاکستانی عوام کو پریشانی کا سامنا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 29 مئی 2017 - 11:47
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے تنگ آئے لوگوں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جب کہ مالاکنڈ میں مشتعل افراد نے واپڈا ہاؤس کو ہی آٓگ لگا دی۔