مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی شہر مانچسٹر میں ہونے والے دھماکوں کے بعد اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں اعلیٰ حکام وزیراعظم تھریسامے کو بریفنگ دیں گے ۔ پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والے دھماکوں میں اب تک 19افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 50افراد زخمی بتائے گئے ہیں ۔ دھماکے کے بعد برطانوی کنزرویٹو پارٹی نے انتخابی مہم معطل کر دی ۔پارٹی ذرائع کے مطابق برطانیہ میں عام انتخابات 8 جون کو ہوں گے ۔ برطانوی حکام کے مطابق دھماکا میوزیکل کنسرٹ کے اختتام پر ہوا۔ کنسرٹ کے بعد لوگوں نے باہر نکلنا شروع کیا ہی تھا کہ دھماکا ہوگیا ۔مقامی وقت کے مطابق رات دس بج کر پینتیس منٹ پر خودکش دھماکا ہواجس کے بعد مانچسٹر ایرینا اور اطراف میں بھگدڑ مچ گئی۔
واقعے کے فوری بعد امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا ۔ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیر ے میں لے لیا اور لوگوں کو ہدایت کی کہ اس علاقے سے دور رہیں۔
اجراء کی تاریخ: 23 مئی 2017 - 11:39
برطانوی شہر مانچسٹر میں ہونے والے دھماکوں کے بعد اہم اجلاس طلب کرلیا گیا ہے جس میں اعلیٰ حکام وزیراعظم تھریسامے کو بریفنگ دیں گے ۔