مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں پاکستانی سینیٹ کے ڈپٹی چیرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جب کہ 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مستونگ میں خودکش حملہ عین اس وقت ہوا جب ڈپٹی چیرمین سینیٹ اور جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ایک مدرسے میں دستار بندی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی جب کہ اس کی زد میں آنے والی کئی گاڑیاں تباہ اور ان میں سوار متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمیوں کو سول اسپتال مستونگ منتقل کیا گیا ہے، اسپتال انتظامیہ نے 25 افراد کے ہلاک اور 30 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ دھماکے میں مولانا عبدالغفور حیدری کا ڈرائیور اور جے یو آئی (ف) کوئٹہ کے نائب سربراہ بھی ہلاک ہوئے ہیں ۔ڈی پی او مستونگ غضنفر علی شاہ نے کہا کہ ابتدائی شواہد اور عینی شاہدین کے مطابق یہ خودکش حملہ تھا اور اس کا نشانہ عبدالغفور حیدری تھے تاہم اس بارے میں حتمی طور پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔زخمیوں میں مولانا عبدالغفور حیدری بھی شامل ہیں تاہم انہیں معمولی نوعیت کے زخم آئے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 12 مئی 2017 - 17:03
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقہ مستونگ میں پاکستانی سینیٹ کے ڈپٹی چیرمین مولانا عبدالغفور حیدری کے قافلے پر خودکش حملے کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک جب کہ 30 زخمی ہوگئے ہیں۔