مہر خبررساں ایجنسی نے پاکستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ڈان لیکس کبھی بھی فوج اور حکومت کا معاملہ نہیں تھا، یہ قومی سلامتی کا معاملہ تھا جب کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ معاملے میں ایسا کیا تھا جسے " حل " کیا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ہیلری کلنٹن سیکیورٹی ایشوز پر ای میل کے باعث الیکشن ہاریں جب کہ یہاں پوری قوم کو اندھیرے میں رکھا گیا، یہاں معاملہ کیسے حل ہوگیا۔ چیرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ڈان لیکس کا معاملہ حل کیا گیا ہے اس سے نمایاں ہوتا ہے کہ یہاں طاقتور کے لیے ایک قانون اور کمزور کے لیے دوسرا قانون ہے۔ عمران خان نے مطالبہ کیا کہ ڈان لیکس پر تحقیقاتی کمیشن رپورٹ کو منظر عام پر لانا چاہیے۔ واضح رہے کہ وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں ڈان لیکس کے معاملات طے پاگئے جس کی تصدیق آئی ایس پی آر کی جانب سے بھی کی گئی ہے جب کہ آئی ایس پی آر نے ڈان لیکس سے متعلق 29 اپریل کی ٹوئٹ کو بھی واپس لے لیا ہے۔
اجراء کی تاریخ: 11 مئی 2017 - 00:15
پاکستان کی سیاسی جماعت تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ڈان لیکس کی تحقیقاتی رپورٹ کو منظر عام پر لانے کا مطالبہ کیا ہے۔