پاکستان کے شہر پشاور میں یکے بعد دیگرے دو مختلف بم دھماکوں میں انسداد دہشت گردی کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اسکول کے باہر پڑے ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر پشاور میں یکے بعد دیگرے دو مختلف بم دھماکوں میں انسداد دہشت گردی کے 3 اہلکار زخمی ہوگئے ہیں جبکہ اسکول کے باہر پڑے ایک بم کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پشاور میں صبح 5 بجے کے قریب پہلا دھماکہ گورنمنٹ بوائز مڈل اسکول کے اندرونی حصے میں ہوا جس سے اسکول کے گیٹ کو نقصان پہنچا جب کہ دوسرا بم اسکول کے باہر نصب کیا گیا تھا تاہم بی ڈی ایس نے بم کو ناکارہ بنا دیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دونوں بموں کا مجموعی وزن 5 سے 6 کلو گرام تھا۔ ادھر ارمڑ اور چمکنی کے حدود میں انسداد دہشت گردی کی گاڑی خٹکو پل سے گزر رہی تھی کہ اس دوران پل کے ساتھ نصب بم پھٹ گیاجس سے سی ٹی ڈی کے 3 اہلکار زخمی ہو گئے، سی ٹی ڈی اہلکار اسکول میں ہونے والے دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرنے کے بعد واپس آرہے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں سب انسپکٹر، سی ٹی ڈی اہلکار اور ڈرائیور شامل ہیں جب کہ زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔