فلسطینی علماء کونسل کے ترجمان نے ایران کو فلسطینی مزاحمتی تحریک کا سچا اور مخلص حامی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے خلاف عربوں کی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود ہم بیت المقدس کو اسرائيل کے ناپاک وجود سے پاک کرائیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی امور کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں فلسطینی علماء کونسل کے ترجمان شیخ محمد صالح الموعدنے ایران کو فلسطینی مزاحمتی تحریک کا سچا  اور مخلص حامی قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ فلسطین کے خلاف عربوں کی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے لیکن اس کے باوجود ہم بیت المقدس کو اسرائيل کے ناپاک وجود سے پاک کرائیں گے۔

فلسطینی علماء کے ترجمان نے کہا کہ عرب حکام نے مسئلہ فلسطین کوبالکل فراموش کردیا ہے اور وہ اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کے بجائے امریکی اشاروں پر رقص کررہے ہیں۔ اور فلسطین کی آزادی کے سلسلے میں اپنے مالی اور اقتصادی وسائل استعمال کرنے کے بجائے وہ شام ، عراق ، یمن اور بحرین میں عربوں ڈالر خرچ کرکے مسلمانوں کے قتل عام میں مصروف ہیں۔

فلسطینی علماء کے ترجمان نے بعض عرب اور مسلمان ممالک کے اسرائیل کے ساتھ سیاسی تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بد قسمتی یہی ہے کہ بعض عرب اور مسلمان ممالک نے جان بوجھ کر فلسطین کو اسرائیل کے حوالے کردیا ہے اور مشرق وسطی میں اسرائیلی غاصب اور جعلی حکومت کو تسلیم کرلیا۔

فلسطینی علماء کے ترجمان نے کہا کہ آج بھی فلسطینی تحریک کے خلاف عربوں کی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور عرب حکام اعلانیہ طور پر امریکہ اور اسرائیل کی خدمت میں مصروف ہیں اور فلسطینیوں کی پشت میں خنجر گھونپ رہے ہیں۔