پاکستان کے شہر کراچی کے علاقوں بلال کالونی، رشید آباد، پہاڑ گنج، ڈسلوا ٹاؤن، نیو کراچی اور عزیز آباد میں پولیس نے آپریشن کے دوران 40 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر کراچی کے علاقوں بلال کالونی، رشید آباد، پہاڑ گنج، ڈسلوا ٹاؤن، نیو کراچی اور عزیز آباد میں پولیس نے آپریشن کے دوران 40 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ ایس پی گلبرک بشیر بروہی کے مطابق خفیہ اطلاع پر جوہر آباد میں کارروائی کرتے ہوئے ملزم عمر فاروق عرف راشد چریا کو گرفتار کیا گیا، ملزم نے 1995 میں بلوچ گوٹھ میں فائرنگ کرکے پانچ افراد کو قتل کیا تھا، واردات میں اس کے دیگر ساتھی بھی ملوث تھے۔
بلال کالونی اور رشید آباد میں مختلف تھانوں کی نفری اور دس موبائلوں کے ہمراہ سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی،اور دس مشتبہ ا فراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔
ایس پی گلبرگ بشیر بروہی کے مطابق شاہراہ نورجہاں کے ڈی سلوا ٹائون اور پہاڑ گنج کے علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 20 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر تفتیش کے لئے تھانے منتقل کردیا گیا۔
نیو کراچی کی بلال کالونی اور رشید آباد میں پولیس نے سرچ آپریشن کے دوران دو ملزمان کو سولجر بازار تھانے سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحے سمیت گرفتار کرلیا گیا، جب کہ کارروائی کے دوران 9 مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔
پولیس کے مطابق تین ملزمان نیو کراچی سیکٹر 11۔اے میں تیل کی دکان میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہوئے، لوٹ مار کے دوران دکان کے مالک نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے ان کا اپنا ہی ساتھی زخمی ہوگیا۔