ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں 11 کلو میٹر طویل سرنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کشمیری نوجوانوں پر زوردیا ہے کہ وہ علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کی تحریک کو ترک کرکے سیاحت کو فروغ دینے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایسوسی ایٹڈ پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے ہندوستان کے زیر انتظام جموں کشمیر میں  11 کلو میٹر طویل سرنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کشمیری جوانوں پر زوردیا ہے کہ وہ علیحدگی پسندی اور دہشت گردی کی تحریک کو ترک کرکے سیاحت کو فروغ دینے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔ اطلاعات کے مطابق اتوار کے روز وزیراعظم نریندر مودی نے کشمیر کا دورہ کیا اور کھلی جیپ میں سوار ہوکر اس چیینانی-نشری سرنگ کا افتتاح کیا۔ذرائع کے مطابق سرنگ بننے کے بعد علاقے میں تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا کیوں کہ ہائی ویز بارشوں، برفباری اور لینڈسلائیڈنگ کی وجہ سے بعض اوقات کئی کئی دنوں تک بند رہتی ہیں جبکہ یہ سرنگ ہر موسم میں کارآمد رہے گی۔اے پی کے مطابق اس سرنگ کو مکمل کرنے میں انجینئیرز کو 6 برس کا عرصہ لگا جبکہ اس پر 25 ارب بھارتی روپے لاگت آئی۔اے ایف پی کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب میں مودی نے کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو دہشت گردی کے بجائے سیاحت کو فروغ دینا چاہیے۔اس سرنگ کو بھارت کی طویل ترین سرنگ قرار دیا جارہا ہے جو کہ سری نگر اور جموں کے درمیان فاصلہ 41 کلو میٹر تک کم کردے گی۔