پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹاکر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کی حکومت نے انسپکٹر جنرل آف پولیس اے ڈی خواجہ کو عہدے سے ہٹاکر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق حکومت سندھ نے آئی جی پولیس اللہ ڈنو خواجہ کو عہدے سے ہٹا دیا جب کہ ان کی جگہ پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر ایڈیشنل آئی جی سردار عبدالمجید دستی کو قائم مقام آئی جی سندھ مقرر کردیا جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔  اس سے قبل آج ہی سندھ حکومت نے اے ڈی خواجہ کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کی درخواست سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو بھیجی تھی جس میں ساتھ ہی سندھ کے نئے آئی جی کے لیے چیرمین اینٹی کرپشن سندھ غلام قادر تھیبو، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک خادم حسین بھٹی اور ایڈیشنل آئی جی ریسرچ ڈیولپمنٹ اینڈ انسپیکشن سردار المجید کے نام تجویز کیے تھے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت کی اہم شخصیات اور اے ڈی خواجہ کے درمیان گزشتہ کئی ماہ سے چپقلش جاری ہے جب کہ سندھ پولیس میں بھرتیوں کے معاملے پر بھی حکومت اور اے ڈی خواجہ کے درمیان شدید اختلافات تھے جس کے باعث اس سے قبل بھی سندھ حکومت اے ڈی خواجہ کو جبری رخصت پر بھیج چکی تھی تاہم معاملہ عدالت میں جانے پر عدالتی حکم کے بعد اے ڈی خواجہ اپنے عہدے پر واپس آگئے تھے۔