پاکستان کے شہر پارا چنار کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جب کہ 95 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے جنگ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہر پارا چنار کے مرکزی بازار میں بم دھماکے کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق جب کہ 95 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔۔ اطلاعات کے مطابق پارا چنار کے مرکز میں واقع بازار میں عین اس وقت دھماکہ ہوا جب لوگوں کی بڑی تعداد خریداری میں مصروف تھی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ زخمیوں کو ایجنسی ہیڈ کوارٹر اسپتال پارا چنار منتقل کردیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ اسپتال حکام نے اب تک 15 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ اسپتال انتظامیہ کی اپیل پر لوگ خون کے عطیات جمع کرارہے ہیں جب کہ پاک فوج کےہیلی کاپٹرز بھی طبی امداد کے لیے پاراچنار روانہ ہوگئے ہیں۔ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز اور لیویز نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اس کے علاوہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری ہے، عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک کار میں رکھا گیا تھا تاہم پولیٹیکل انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دھماکے کی نوعیت کی تصدیق نہیں کی گئی۔وزیر اعظم نواز شریف اوروزیر داخلہ نے پارا چنار دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت اور  متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔