مصر کی الازہر یونیورسٹی کے ریسرچ سینٹر کے رکن محمد عبدالرحیم نے دین اسلام کو محبت اور امن و صلح کا دین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ الازہر کے شیخ نے بارہا اتحاد پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "شیعہ اور سنی امت مسلمہ کے دو مضبوط اور قوی بازو اور بال و پر ہیں"۔

مہر خبررساں ایجنسی کے بین الاقوامی امور کے نامہ نگار کے ساتھ گفتگو میں مصر کی الازہر یونیورسٹی کے ریسرچ سینٹر کے رکن  محمد عبدالفضیل عبدالرحیم نے دین اسلام کو محبت اور امن و صلح کا دین قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ الازہر کے شیخ نے بارہا اتحاد پر تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ "شیعہ اور سنی امت مسلمہ کے دو مضبوط اور قوی بازو اور بال و پر ہیں"۔محمد عبدالرحیم نے دہشت گرد گروہوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے دہشت گرد گروہوں کو اپنے مفادات کی غرض سے تشکیل دیا اور گذشتہ 6 برسوں سے زائد عرصہ سے وہ دہشت گرد گروہوں کی ہر لحاظ سے مدد بھی کررہے ہیں۔ جامعہ الازہر کے ریسرچ سینٹر کے رکن محمد عبدالفضیل عبدالرحیم نے دہشت گردوں کے بھیانک اور سنگین جرائم اور انھیں دین کی طرف منسوب کرنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کو اسلامی تعلیمات کے بارے میں علم نہیں ہے وہ ہر لحاظ سے جاہل اور بےخـر  ہیں اگر انھیں اسلامی تعلیمات کے بارے میں علم ہوتا تو وہ سنگین اور بھیانک جرائم کا ارتکاب نہ کرتے۔ انھوں نے کہا کہ بعض دہشت گرد اپنے کئے پر پشیمان ہیں اور وہ اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ انھیں غلط اطلاعات فراہم کرکے گمراہ کیا گيا ہے۔

عبد الرحیم نے شام میں دہشت گردی کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شام ایک طاقتور عربی ملک ہے جو اسرائیل کے مقابلے میں فرنٹ لائن پر ہے اور شام کی طاقت کو توڑنے کے لئے امریکہ ، اسرائیل اور ان کے حامی عرب ممالک نے دہشت گردوں کا سہارا لیا ۔ اس نے کہا کہ شامی عوام کی دہشت گردوں اور ان کے حامیوں پر فتح یقینی ہے اور ہمیں چاہیے کہ ہم دہشت گردوں کے بارے میں مسلمانوں کو آگاہ کرتے رہیں۔