مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی ملکہ الزبتھ دوئم نے بھی یورپی یونین سے برطانیہ کی علیحدگی سے متعلق پارلیمنٹ کے منظور کردہ بل کی توثیق کردی جس کے بعد برطانیہ کے انخلاء کی راہ مزید ہموار ہوگئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جمعرات کو ملکہ الزبتھ دوئم نے پارلیمنٹ کے منظور کردہ اس بل کی باضابطہ توثیق کی جس کے تحت وزیراعظم تھریسا مے کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ یوپی یونین کے لزبن معاہدے کے آرٹیکل 50 کو استعمال کرتے ہوئے برطانیہ کی علیحدگی کا عمل شروع کرسکیں۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے کا کہنا ہے کہ وہ مارچ کے آخر تک یورپین کونسل کو خط بھیجیں گی جس میں اسے برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلے سے آگاہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں برطانیہ میں یورپی یونین میں رہنے یا علیحدہ ہونے کے حوالے سے ریفرنڈم کا انعقاد کرایا گیا تھا جس میں عوام کی اکثریت نے علیحدگی کے حق میں ووٹ دیئے تھے۔