شمالی کوریا نے ملائیشیا سے اپنے سفیر کے اخراج کے بعد ملائیشیا کے سفیر کو بھی 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے اسپوٹنک کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ شمالی کوریا نے ملائیشیا سے اپنے سفیر کے اخراج کے بعد ملائیشیا کے سفیر کو بھی 48 گھنٹوں میں ملک چھوڑنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا اور ملائیشیا کے درمیان شمالی کوریا کے سربراہ کے سوتیلے بھائی کم جونگ نیم کے قتل کے معاملے پر معاملات دن بدن کشیدہ ہوتے جارہے ہیں جب کہ ملائیشیا میں شمالی کورین سفیر کی ملک بدری کے بعد اب شمالی کوریا نے بھی ملائیشیا کے سفیر کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ شمالی کوریا کے وزیرخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ ملائیشیا کے سفیر کو ’’ناپسندیدہ شخص‘‘ قرار دیتے ہوئے 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ دو روز قبل ملائیشیا نے شمالی کوریا کے سفیر کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دیتے ہوئے 48 گھنٹوں میں ملک بدری کے احکامات جاری کیے تھے جس کے تحت سفیر واپس اپنے ملک پہنچ چکے ہیں واضح رہے کہ 13 فروری کو شمالی کوریا کے سربراہ ’کم جونگ اُن‘ کے سوتیلے اور بڑے بھائی ’کم جونگ نیم‘ کو ملائیشیا کے کوالالمپور ایئرپورٹ پر قتل کردیا گیا تھا۔