مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل سلامی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیھا کی شہادت کی مناسبت سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دن اسرائیل بحر و نہر کے حصول کی تلاش و کوشش کررہا تھا لیکن آج وہ ایک باریک جگہ میں موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہوگیا ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ ایران میں انقلاب اسلامی کی کامیابی کی بدولت دنیا بھر میں دین اسلام کو ایک نئی حیات، سرافرازی اور سربلندی عطا ہوئی ہے اور اسلام ایک بار پھر انسان کی سیاسی ، سماجی اور ثقافتی زندگی میں داخل ہوگیا ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ اسلام دنیا میں اللہ تعالی کی حاکمیت کے نفاذ کا خواہاں ہے اور اللہ تعالی کی حاکمیت کے نفاذ کے سلسلے میں انبیاء ، اولیاء اور نیک و صالح افراد نے اپنے اپنے دور میں تلاش و کوشش کی۔
انھوں نے کہا کہ آج اسلام کو امریکہ جیسی سامراجی اور مکار طاقت کا سامنا ہے جس نے اسلامی ممالک کےکئی رہنماؤں کو اپنی آستینوں میں چھپا رکھا ہے جو اسلامی ممالک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے دہشت گردوں سے بھر پور حمایت کررہا ہے اور اس سلسلے میں اسے بعض اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی حمایت بھی حاصل ہے۔ جنرل سلامی نے کہا کہ ہمیں دشمن اور اس کے حامیوں کو اچھی طرح پہچاننا چاہیے اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف ان کے شوم منصوبوں کو ناکام بنانے کے سلسلے میں اپنی تلاش و کوشش جاری رکھنی چاہیے۔