مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے سربراہ میجرجنرل محمد علی جعفری نے انقلاب اسلامی کے آثار و برکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی سطح پر انقلاب اسلامی کے اثرات اور تاثیرات نمایاں ہیں۔
جنرل جعفری نے امام علی (ع) سمینار سے خطاب میں ایام فجر کی آمد پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنھوں نے انقلاب اسلامی کی پیشرفت، ترقی اور تحفظ کے سلسلے میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔جنرل جعفری نے عسکری علوم کے حصول کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عسکری علوم کی مختلف قسمیں ہیں جن میں ایک کلاسیک علم ہے جس میں ہمیں معلوم ہونا چاہیے کہ ہمیں جنگ میں کس طرح لڑنا چاہیے۔
جنرل جعفری نے کہا کہ ایران نے آٹھ سالہ جنگ میں بہترین تجربات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین کامیابیاں بھی حاصل کیں۔جنرل جعفری نے کہا کہ ہمیں فوجی علوم کے حصول میں دوسروں کی تقلید کرنے کے بجائے اپنے علمی اور فوجی تجربات سے استفادہ کرنا چاہیے اور سپاہ کو انقلابی ذمہ داری کے ادراک کے ساتھ انقلابی عمل بھی کرنا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی کی حفاظت کی ذمہ داری سپاہ کے دوش پر ہے لہذا سپاہ کو علم و دانش سے مسلح ہونے کے ساتھ تقوی اور پرہیزگاری سے بھی مسلح ہونا چاہیے۔ جنرل جعفری نے کہا کہ اس سے قبل صرف ایران میں امریکہ کے خلاف نعرے لگائے جاتے تھے اور ایران میں امریکی سامراجی پرچم کو نذر آتش کیا جاتا تھا لیکن آج انقلاب اسلامی کی بدولت دنیا بھر میں امیرکہ کے خلاف نعرے لگائے جارہے ہیں اور امریکی پرچم کو نذر آتش کیا جارہا ہے کیونکہ امریکی پرچم دنیا میں ظلم کی علامت بن گیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی نے ستمدیدہ اور مظلوم قوموں کے اندر استقامت اور پائداری کی لہر پیدا کردی ہے اور آج مظلوم قومیں فلسطین اور یمن سے لیکر پوری دنیا میں سامراجی طاقتوں اور ان کے آلہ کاروں کا مقابلہ کرنے کے لئے آمادہ ہیں۔