مہر خبررساں ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے تہران میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا میں ایران کی اقتصادی شعبہ میں ترقی اور پیشرفت بے نظیر ہے اور ایران نے بے روزگاری کے خاتمہ کے سلسلے میں بھی اہم قدم اٹھائے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے سابق صدر مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی کے انتقال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم آیت اللہ ہاشمی رفسنجانی نے انقلاب اسلامی سے قبل اور انقلاب اسلامی کے بعد اسلامی نظام کے نفاذ کے سلسلے میں اہم کردار ادا کیا اور آج یہ عظیم شخصیت ہمارے درمیان نہیں اور ہم ان کے تازہ افکار اور ان کی تدبیر سے محروم ہوگئے ہیں لیکن ان کی سفارشات اور تحریرات ہمارے درمیان موجود ہیں اور ہم ان سے بھر پور استفادہ کرسکتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے ایران اور سعودی عرب کے تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی سعودی عرب سے کوئی خاص مشکل نہیں ۔ اور ایک اسلامی ملک کے عنوان سے ہم سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کے خواہاں ہیں لیکن سعودی عرب کی خطے میں غلط پالیسیاں دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کا سبب بنی ہوئی ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی عرب کی شام ، عراق، لیبیا ،یمن اور دیگر اسلامی ممالک میں بے جا مداخلت اور امریکہ و اسرائيل کی ہمراہی ایران اور سعودی رعب کے درمیان اختلاف کا اصلی سبب ہے اور سعودی عرب کی طرف سے دہشت گردوں کی حمایت بھی اس کی غلط پالیسی کا مظہر ہے۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ سعودی عرب اگر اپنی پالیسیاں درست کرلے اور صحیح اور درست راستہ اختیار کرلے اور ہمسایہ ممالک پر رعب و دبدبہ جمانے اور جنگ مسلط کرنے کی پالسی ختم کردے تو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات استوار کئے جاسکتے ہیں۔
صدر حسن روحانی نے کہا کہ کئي ممالک نے ایران اور سعودی عرب کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی اور کم سے کم دس ممالک ہیں جنھوں نے اس سلسلے میں وساطت کی پیش کی ہے لیکن یہ اسی وقت ہوسکتا ہے جب سعودی عرب یمن کے خلاف جنگ بند کردے ، ہمسایہ ممالک میں مداخلت متوقف کردے اور دہشت گردوں کی حمایت بھی ترک کردے۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ ایران خطے میں پائدار امن کا خواہاں ہے کیونکہ پائدار امن کے سائے میں ہی علاقائی ممالک اقتصادی ترقی حاصل کرسکتے ہیں جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور خطے میں عدم استحکام پیدا کرنے کے لئے سعودی عرب امریکہ کو مسلسل تعاون فراہم کررہا ہے۔