امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا دنیا کے اُن خطوں میں سے ایک ہے جہاں علاقائی کشیدگی کی صورت میں جوہری ہتھیاروں کا استعمال ہوسکتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نےڈان کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  امریکہ کے نائب صدر جو بائیڈن نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی ایشیا دنیا کے اُن خطوں میں سے ایک ہے جہاں علاقائی کشیدگی کی صورت میں جوہری ہتھیاروں کا استعمال ہوسکتا ہے۔اطلاعات کے مطابق، واشنگٹن میں تھنک ٹینک کارنیج انڈومنٹ فار انٹرنیشنل پیس سے خطاب کرتے ہوئے جو بائیڈن نے اس امید کا اظہار کیا کہ آنے والی ٹرمپ انتظامیہ دنیا بھر میں نیوکلیئر ہتھیاروں کی روک تھام کے لیے اپنا کلیدی کردار جاری رکھے گی۔

امریکہ کے نائب صدر کا مزید کہنا تھا کہ نہ صرف شمالی کوریا بلکہ روس، پاکستان اور دیگر ممالک کے جوابی اقدامات یورپ، جنوبی ایشیا اور مشرقی ایشیا میں علاقائی کشیدگی کے دوران جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے خدشے کی جانب نشاندہی کرتے ہیں۔ جو بائیڈن نے امریکی کانگریس کے ریپبلکن اور ڈیموکریٹک قانون سازوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی سیاست سے بڑھ کر جوہری توانائی کے معاملے کو اسی سنجیدگی سے لیں جس کا وہ متقاضی ہے۔