مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر نریندرا مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہمیشہ سے سوچ لوگوں کو ڈرانے والی رہی ہے۔ کانگریس اراکین سے خطاب کرتے ہوئے راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی کے نظریات ڈرانے والے رہے ہیں ، وہ سوچتے ہیں کہ وہ ڈرا کر ہندوستان میں اقتدار پر قابض رہ سکتے ہیں، مودی اور ان کی جماعت نے پورے ملک میں نوٹ بندی ، ماؤنواز اور دہشت گردی کے نام پر ڈر پھیلایا ہے، بی جے پی کی پالیسیاں کہتی ہیں ’’ڈراؤ‘‘ ان کا مقصد پورے ہندوستان کو ڈرانے کا ہے، جبکہ کانگریس کی ہزاروں سال پرانی سوچ کہتی ہے ڈرو مت، ہر حالات کا سامنا کرو، ہندوستان کے کسی شہری کو ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بی جے پی نے آئینی اداروں کو کمزور کیا ہے، ہمیں 70 سال کا حساب دینے کی ضرورت نہیں ہے، کانگریس نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں، نوٹ بندی وزیر اعظم کا ذاتی فیصلہ تھا، مودی نے آر بی آئی کا مذاق اڑایا ہے، آر بی آئی گورنر کے مشورے کو نظر انداز کیا گیا، ہم نے نوٹ بندی پر عوام کی آواز اٹھائی ہے، نوٹ بندی کی کسی بھی ماہر اقتصادیات نے تعریف نہیں کی۔ انہوں نے مودی کو لتاڑتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں کہ انتخابات میں’’ کانگریس سے پاک ہندوستان ‘‘ کا نعرہ لوک سبھا میں لگاتے ہیں ، یہ نئے ہندوستان کی بات کرتے ہیں، ہم بیکار ہیں کیا؟ ایک ہی آدمی نئے ہندوستان کی تعمیر کرے گا ؟ باقی سب پاگل ہیں کیا ؟ صرف نریندر مودی ہی سب کچھ صحیح کر سکتے ہیں؟ اس ملک نے انگریزوں کو بھگایا ہے، یہ عقل مند ملک ہے، ہم چاند تک پہنچ چکے ہیں، ہم ملک کی سچائی کو مانتے ہیں اور اس سے محبت کرتے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 11 جنوری 2017 - 21:00
ہندوستان میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے ایک مرتبہ پھر نریندرا مودی کو شدید تنقید کا نشانہ بنا تے ہوئے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہمیشہ سے سوچ لوگوں کو ڈرانے والی رہی ہے۔