ہندوستانی فوج کے نئے سربراہ جنرل بپن روات نے کہا ہے کہ فوج کا کردار سرحدوں پر امن و سکون کو برقراررکھنا ہے لیکن ہندوستانی فوج طاقت کا مظاہرہ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی فوج  کے نئے سربراہ جنرل بپن روات نے کہا ہے کہ فوج کا کردار سرحدوں پر امن و سکون کو برقراررکھنا ہے لیکن ہندوستانی فوج طاقت کا مظاہرہ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔ اطلاعات کے مطابق جنرل بپن کا کہنا تھا کہ کمانڈر شرقی لیفٹیننٹ جنرل پراوین بخشی اور کمانڈر سدرن لیفٹیننٹ جنرل پی ایم ہارض فوج میں خدمات سرانجام دیتے رہیں گے اور اتحاد کو برقرار رکھیں گے۔رپورٹس کے مطابق جنرل بپن کا کہنا تھا، 'فوج کا مقصد سرحدوں پر امن و سکون کو برقرار رکھنا ہے لیکن اگر ضرورت پڑی تو وہ طاقت کا مظاہرہ کرنے سے بھی نہیں ہچکچائے گی۔واضح رہے کہ جنرل بپن روات نے ہفتہ 31 دسمبر کو ہندوستانی فوج کے 27 ویں آرمی چیف کا عہدہ سنبھالا ہے، انھیں 2 سینئر ترین لیفٹیننٹ جنرل پراوین بخشی اور پی ایم ہارض پر فوقیت دے کر آرمی چیف بنایا گیا۔اس سے قبل لیفٹیننٹ جنرل بخشی نے نئے آرمی چیف کو 'مکمل تعاون' کا یقین دلایا تھا اور ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ وہ پہلے کی طرح پورے پیشہ ورانہ اخلاص سے اپنی خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔اس سے قبل حکومتی ذرائع کا کہنا تھا کہ جنرل بپن روات حالیہ درپیش چینلنجز سے نمٹنے کے لیے دیگر لیفٹیننٹ جنرلز کے مقابلے میں بہترین ہیں، ان چیلنجز میں 'شمال' میں فوج کی تنظیم نو، مغرب میں جاری دہشت گردی اور پراکسی وار اور شمال مشرق کی صورتحال شامل ہے۔جنرل بپن روات ایک گورکھا رائفلز آفیسر ہیں جو ہندوستانی فوج کے ہیڈکوارٹرز میں کئی اہم عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ کے امن مشن سمیت انھیں کشمیر اور مشرقی علاقوں کے معاملات کا بھی وسیع تجربہ ہے۔