مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ جرمنی کے شہر برلن میں کرسمس مارکیٹ پر کئے گئے ٹرک حملے میں ملوث دہشت گرد انس عامری کو اٹلی پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق جرمنی کے شہر برلن کی مارکیٹ میں ٹرک حملے کے ذریعے 12 افراد کو ہلاک کرنے والے دہشت گرد انس عامری کو اٹلی کی پولیس نے گولی مارکر ہلاک کردیا ہے۔ اٹلی کے وزیرداخلہ مارکو مینتی نے پریس کانفرنس کے دوران مبینہ ملزم کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ پولیس کے مطابق ملزم انس عامری کو میلان شہر کے علاقے سیسٹو سان جیوانی میں معمول کی گشت کے دوران روکا گیا تاہم ملزم فرار کی کوشش میں پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا تمام ضروری حقائق اور جان پڑتال کے بعد یہ وثوق کے ساتھ کہا جاسکتا ہے کہ مرنے والا شخص انس عامری ہی تھا اور اس حوالے سے فوری طور پر جرمن حکام کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے اور جرمن حکام نے بھی تصدیق کردی ہے کہ مرنے والا انس عامری ہی ہے جس کی انگلیوں کے نشانات برلن حملے میں استعمال ہونے والے ٹرک کے اندر سے ملے ہیں۔ واضح رہے کہ تیونس سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ انس عامری گزشتہ برس جولائی میں جرمنی پہنچاتھا اور اس نے پناہ کی درخواست بھی دی تھی جسے جرمن حکومت کی جانب سے مسترد کردیا گیا تھا۔ اور پیر کے روز جرمنی کے شہر برلن میں ہونے والے ٹرک حملے میں 12 افراد کی ہلاکت کے بعد انس عامر کی تلاش جاری تھی۔
اجراء کی تاریخ: 23 دسمبر 2016 - 16:59
جرمنی کے شہر برلن میں کرسمس مارکیٹ پر کئے گئے ٹرک حملے میں ملوث دہشت گرد انس عامری کو اٹلی پولیس نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔