مہر خبررساں ایجنسی نے سحر کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ نے کہا ہے کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان کے مسئلے میں ایران کے ہاتھ بندھے ہوئے نہیں ہیں اور وہ جو بھی کام ضروری ہوا انجام دے گا۔
ایران کے ایٹمی توانائی کے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر علی اکبر صالحی نے اتوار کے روز تہران میں ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ آئی اے ای اے کی طرف سے اب تک ایران کے ایٹمی پروگرام کے بارے میں جاری کی گئيں رپورٹیں اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان میں کیے گئے اپنے وعدوں کا پابند رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایران اس بات پر زور دیتا ہے کہ ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کو ایک ذمہ دار ادارے کی حیثیت سے غیرجانبداری سے کام کرنا چاہیے اور اس کی رپورٹیں کسی کے اثرورسوخ سے متاثر نہیں ہونی چاہییں۔ صالحی نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مشترکہ جامع ایکشن پلان کی خلاف ورزی نہیں کرے گا مگر یہ کہ مقابل فریق کی جانب سے خلاف ورزی کی جائے۔
ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل یوکیا امانو نے بھی یہ بات بیان کرتے ہوئے کہ وہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کے طریقے سے راضی ہیں، امید ظاہر کی کہ مشترکہ جامع ایکشن پلان پر عمل درآمد کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔