انڈونیشین ایئرفورس کا سامان بردار طیارہ پاپوا جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ انڈونیشین ایئرفورس کا سامان بردار طیارہ پاپوا جزیرے پر گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں عملے میں سوار تمام 13 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ انڈونیشین ایئر فورس کا سی ون تھرٹی طیارہ تکیما سے اشیائے خورونوش لے کر ومینا کے علاقے جا رہا تھا کہ اپنی منزل سے کچھ فاصلے پر ہی پاپوا جزیرے میں گر کرتباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 3 پائلٹس اور 10 فوجی ہلاک ہو گئے۔ انڈونیشیا کے ایئرفورس چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ خراب موسم معلوم ہوتا ہے جب کہ انڈونیشین سرچ اینڈ ریسکیو کے آپریشن ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ جہاز گرنے کے مقام کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور تمام لاشوں کو ومینا منتقل کیا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ جون 2015 میں بھی انڈونیشین ایئر فورس کا سی ون تھرٹی طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد ہی گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں عملے کے 12 افراد اور 109 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔