مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستانی ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للیتا کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔ تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ کی آخری رسومات چنئی کے راجاجی ہال میں ادا کی گئیں جس میں ملکی نامور شخصیات کے علاوہ مقامی سیاسی رہنماؤں اور شوبز سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شرکت کی جب کہ ہندو روایات کے برخلاف جے للیتا کے جسد خاکی کو جلانے کے بجائے دفنایا گیا۔ آخری رسومات کے موقع پر لوگوں کی بڑی تعداد راجا جی ہال میں موجود تھی جب کہ لوگوں کا ایک بڑا ہجوم ہال کے باہر بھی تھا۔ تامل ناڈو کے دارالحکومت چنئی کے نجی اسپتال میں 73 روز تک زیرعلاج رہنے والی جے للیتا گزشتہ رات دل کا دورہ پڑنے کے باعث چل بسی تھیں جنہیں کئی ماہ سے طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا تھا۔ جے للیتا کی موت پر ریاست میں 7 دن کا سوگ اور تعلیمی اداروں میں چھٹی کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ اس دوران تمام سرکاری عمارتوں پر بھارتی پرچم بھی سر نگوں رہے گا۔
اجراء کی تاریخ: 6 دسمبر 2016 - 21:39
ہندوستانی ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلیٰ جے للیتا کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔