مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ضلع کپوارا میں لائن آف کنٹرول کے قریب مچال سیکٹر میں مسلح افراد کے حملے میں 3 ہندوستانی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔ لائن آف کنٹرول کے قریب مچال سیکٹر میں فوجی قافلہ گشت پر تھا کہ مسلح افراد نے اچانک حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 فوجی ہلاک ہوگئے جب کہ حملہ آور جنگل کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ہندوستانی فوج کی شمالی کمانڈ کے ترجمان نے ٹوئٹر پر فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک فوجی کی لاش مسخ شدہ ہے۔
ستمبر میں ہونے والے اڑی میں ہندوستانی فوجی کیمپ پر حملے کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں آنے والی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہوتا رہا ہے، ہندوستان کی جانب سے پاکستان میں ’سرجیکل اسٹرائیک‘ کا دعویٰ بھی کیا گیا تھا، جسے پاکستان نے مسترد کردیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک کی سرحد پر فائرنگ کے واقعات کا سلسلہ جاری ہے، جس میں شہریوں سمیت کئی ہلاکتیں اور زخمیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہی ہیں۔