اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث ملک کو اب تک 118 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کا کہنا ہے کہ پاکستان  میں جاری دہشت گردی کے خلاف جنگ کے باعث ملک کو اب تک 118 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اور یہ رقم مجموعی سالانہ ملکی پیداوار کے تیسرے حصہ سے زائد ہے۔ اطلاعات کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے معاشی کارکردگی کی سالانہ رپورٹ جاری کی، جس میں کہا گیا کہ 2002 سے 2016 تک دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بل واسطہ اور بلا واسطہ ملک کو 118 ارب 30 کروڑ ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔ پاکستان کے سینٹرل بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کے باعث ملک میں معاشی اور سماجی شعبے کی ترقی کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا۔ خیال رہے کہ 11 ستمبر 2001 میں امریکہ پر ہونے والے حملوں کے بعد امریکہ نے افغانستان میں فوجیں اتاریں تھی اور اس کے بعد پاکستان انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں امریکہ کا اہم اتحادی بن گیا۔

مذکورہ جنگ کے دوران پاکستان کیلئے امریکہ نے امداد برائے اتحادی تعاون یا کولیشن سپورٹ فنڈ منظور کیا تھا جس کے تحت پاکستان کو سالانہ ایک ارب ڈالر دیئے جانے تھے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال تک پاکستان کو مذکورہ فنڈ کے تحت 14 ارب ڈالر حاصل ہوئے تاہم اس کے مقابلے میں ملک کا ہونے والا نقصان 118 ارب 30 کروڑ ڈالر ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ مسلم ممالک پر نااہل حکمرانوں کے توسط سے عدم استحکام پیدا کرتا رہتا ہے۔