اقوام متحدہ کے مطابق داعش دہشت گردوں نے موصل میں60 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ 40 افراد کی لاشیں کھمبوں سے لٹکادی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے رائٹرز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق داعش دہشت گردوں نے موصل میں60 افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا جبکہ 40 افراد کی لاشیں کھمبوں سے لٹکادی ہیں۔   اطلاعات کے مطابق مرکزی موصل میں دولت اسلامیہ (داعش) کی جانب سے موبائل فون کے استعمال پرلگائی جانے والی پابندی کو نظر انداز کرنے پرایک اورشخص کوبھی گولی ماردی گئی ہے۔ اقوام متحدہ نے دولت اسلامیہ (داعش) میں نوجوانوں کی بھرتی پربھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عراقی سکیورٹی فورسز نے موصل کے ایک ضلع قدسیہ التھانیہ پر کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔ عراقی سکیورٹی فورسز کی جانب سے موصل کو دولت اسلامیہ (داعش) سے آزاد کرنے کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ موصل کے نزدیک واقع تاریخی مقام نمرود میں سرکاری فورسز اور داعش دہشت گردوں  کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے مطابق داعش نے جنگی جرائم کا ارتکاب کرتے ہوئےانسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔