افغانستان کے صوبہ فریاب میں باراتیوں کا قافلہ سڑک کےکنارے بم دھماکے کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے افغان ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ افغانستان کے صوبہ فریاب میں باراتیوں کا قافلہ سڑک کنارے بم دھماکے کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق افغانستان کے صوبہ فریاب کے کوسہ قلعہ نامی گاؤں میں شادی کا قافلہ  سڑک کے کنارے بم دھماکے کی زد میں آگیا جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ خوشیاں مناتے ہوئے اپنے گھر جانے والا شادی کا قافلہ پل بھر میں چیخوں اور سسکیوں میں بدل گیا جب کہ دھماکے کے فوری بعد قریبی لوگوں کی مدد سےلاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گيا جہاں بیشتر زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ادھر صوبائی پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تخریب کاری کا واقعہ ہے جب کہ اب تک کسی گروپ کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی۔