مہر خبررساں ایجنسی کی اردو سروس کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی سپاہ پسداران انقلاب اسلامی کے ڈپٹی کمانڈر جنرل حسین سلامی نے کہا ہے کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے ایرانی قوم کو طاغوتی اسارت اور قید و بند سے آزاد کرکے ترقی اور پیشرفت کی شاہراہ پر گامزن کیا اور رہبر معظم انقلاب اسلامی بھی اسی راہ پر طاقت اور قدرت کے ساتھ گامزن ہیں۔ امریکی طاغوتی نظام کے زوال کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق اصفہان میں 2300 شہداء کی یاد میں منعقد ہونے والے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی نے کہا کہ ایرانی قوم نے مکتب کربلا کی روشنی میں آزادی ، استقلال، عزت اور عظمت کو حاصل کیا اور انقلاب اسلامی کی بدولت کربلائی اور عاشورائی اخلاق ، ثقافت ، سیاست اور کرامت ایرانی قوم کے اندر موجزن ہے۔جنرل سلامی نے کہا کہ حضرت امام خمینی (رہ) نے حضرت امام حسین علیہ السلام کو اپنا نمونہ عمل قراردیا اور انھوں نے کربلا کی ثقافت کے ذریعہ طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کیا اور انقلاب کو کامیابی اور کامرانی سے ہمکنار کیا اور ان کے بعد رہبر معظم انقلاب اسلامی اس انقلاب کو حسنی خلق اور حسینی شجاعت کے ساتھ آگے کی سمت ہدایت کررہے ہیں اور اس انقلاب کو اس کے اصلی صاحب کے ہاتھ سپرد کرنے کی تلاش و وکشش جاری ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ اسلامی ممالک میں سامراجی طاقتوں اور ان کے اتحادیوں کے خلاف آواز بلند ہورہی ہے اور دنیا بھر میں امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے خلاف نفرت اور بیزاری کا اظہار کیا جارہا ہے۔ جنرل سلامی نے کہا کہ امریکہ کے زوال اور اس کی نابودی کے آثار نمایاں ہوگئے ہیں اور حق کی باطل پر فتح عنقریب اور یقینی ہے۔