میانمار کی سرحدی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ میانمار کی سرحدی چیک پوسٹ پر مسلح افراد کے حملے میں 9 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق میانمار کے حکام کا کہنا تھا کہ مسلح افراد نے مغربی ریاست راکھائین میں ماؤنگداو میں 3 سرحدی چیک پوسٹوں پر حملہ کیا تھا۔ٹن ماؤنگ سیو نے الزام لگایا کہ حملہ آوروں کا تعلق روہنگیا سالیڈیرٹی آرگنائزیشن (آر ایس او) سے ہے۔ پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاک حملہ آوروں کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ برمہ میں روہنگیا نسل کے لاکھوں مسلمانوں کو پچھلے کئی سال سے مقامی بدھ قبائل اور حکومت کی جانب سے وحشیانہ مظالم کا سامنا ہے، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں روہنگیا مسلمان دوسرے ملکوں میں پناہ کی تلاش میں در بہ در کی ٹھوکریں کھا رہے ہیں۔

گزشتہ چند برسوں کے دوران میانمار کے ان مسلمانوں کے خلاف مظالم اور پرتشدد حملوں کی لہر میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں انہیں اپنا آبائی وطن سے نکلنا پڑا ہے۔