ہندوستان نے اسلام آباد میں ہونے والے 19ویں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم سارک کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان نے اسلام آباد میں ہونے والے 19ویں جنوبی ایشیائی علاقائی تعاون کی تنظیم  سارک  کے سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان ویکاس سوراپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا  ہےکہ علاقائی تعاون اور دہشت گردی ایک ساتھ جاری نہیں رہ سکتے اور ہندوستان اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہی اجلاس میں شرکت نہیں کرے گا۔انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں وزارت کا ایک بیان بھی شیئر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ہندوستان نے سارک کے حالیہ سربراہ نیپال کو بتادیا ہے کہ خطے میں جاری سرحد پار دہشت گردی اور ایک ملک کی جانب سے رکن ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا ماحول اسلام آباد میں ہونے والی 19 ویں سارک سربراہی کانفرنس کیلئے سازگار نہیں ہے۔اس بیان میں کہا گیا کہ ہندوستان علاقائی تعاون کو بڑھانے کیلئے پُر عزم ہے لیکن یہ سمجھتا ہے کہ ایسا اسی صورت میں ممکن ہے جب خطے میں دہشت گردی سے پاک ماحول ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ صورت حال میں ہندوستانی حکومت پہلے سے طے شدہ اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی کانفرنس میں شرکت کرنے سے قاصر ہے۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ سارک کے دیگر رکن ممالک کو بھی اسلام آباد میں ہونے والی سارک سربراہی کانفرنس پر اپنے تحفظات کا اظہار کرنا چاہیے۔ہندوستان کی جانب سے اسلام آباد میں ہونے والی 19 ویں سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار کے اعلان کے فوری بعد پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ ہندوستان کا اعلان غیر متوقع ہے اور اس حوالے سے ہم سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا۔