پاکستان میں گجرات کے علاقہ معین الدین پورہ میں پرانی دشمنی پر میاں بیوی اور ان کے 3 بچوں کو قتل کردیا گیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ  پاکستان میں گجرات کے علاقہ معین الدین پورہ میں پرانی دشمنی پر میاں بیوی اور ان کے 3 بچوں کو قتل کردیا گیا ہے۔اطلاعات کےمطابق گجرات کے علاقے معین الدین پورہ میں مسلح افراد رات دیر گئے مقامی بینک کے منیجر طارق تصور عباس کے گھر میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر کے 5 افراد کو قتل کردیا۔ فائرنگ کے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں میں گھر کا سربراہ تصور عباس، بیوی سامعہ، 17 سالہ بیٹا مرسل، 15 سالہ سلیمان اور 12 سالہ آرمیکا شامل ہیں۔ طارق عباس مقامی چیرمین سید عدیل شاہ کا داماد بھی تھا۔ ڈی پی او گجرات سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق واقعہ کے محرکات کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن ابتدائی طور پر واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ اس سے قبل بھی اس خاندان کا جھگڑا چلا آ رہا تھا۔ پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کردیا ہے۔