برازیل کی خاتون صدر ڈلما روسیف کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ونزوئلا نے برازیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برازیل کی خاتون صدر ڈلما روسیف کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ونزوئلا نے برازیل کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ ونزوئلا کے وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم ڈلما روسیف کی برطرفی کی مذمت کرتے ہیں اور احتجاجاً برازیل میں اپنے سفیر کو واپس بلاتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ ونزوئلا موجودہ صورتحال میں برازیل کے ساتھ تمام سیاسی اور سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا اعلان کرتا ہے۔ واضح رہے کہ برازیل کی سینیٹ میں ڈلما روسیف کے خلاف مواخذے کی تحریک پر ووٹنگ ہوئی جس میں 61 اراکین نے مواخذے کے حق میں جبکہ 20 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔سابق صدر ڈلما روسیف پر بجٹ قوانین کی خلاف ورزی کے الزامات تھے اور ان کے خلاف پارلیمنٹ میں مواخذے کی تحریک جمع کرائی گئی تھی۔ ڈلما روسیف کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ساؤ پاؤلو میں ان کے حامی سڑکوں پر نکل آئے اور انہوں نے توڑ پھوڑ شروع کردی۔ مظاہرین نے گاڑیوں کے شیشے توڑے، دکانوں کو نقصان پہنچایا اور آگ لگاکر شاہراہوں کو بلاک کردیا جبکہ صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس کو آنسو گیس کی شیلنگ کرنی پڑی۔