مہر خبررساں ایجنسی نے ایکسپریس کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستانی پولیس نے راولپنڈی میں بینک ڈکیتی کے بعد 100 سے زائد بینکوں کو کام سے روکتے ہوئے انہیں بند کردیا ہے جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اطلاعات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 2 روز قبل دو کروڑ کی بینک ڈکیتی کے بعد شہر کے تمام بینکوں کو دروازے پر لوہے کا جنگلہ لگانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا تاہم بینکوں کی انتظامیہ کی جانب سے پولیس کے احکامات نظرانداز کرنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد بینک بند کردیئے۔ راولپنڈی شہر، کینٹ اور نواحی علاقوں میں آج بینک بند رہے، بینک روڈ ، حیدرروڈ، کشمیر روڈ، مری روڈ، بکرامنڈی چوک، پشاور روڈ سمیت بہت سے علاقوں میں پرائیویٹ حتیٰ کہ سرکاری بینکوں کو بھی تالے لگے رہے جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ادھر بینکوں کی انتظامیہ کا موقف ہے کہ راولپنڈی پولیس بجائے شہر میں ناکوں اور گشت کو بہتر بنا کر بینکوں کو سیکیورٹی دیتی انھیں اپنی سیکیورٹی خود کرنے کے احکامات دے کر یہ ثابت کردیا کہ پولیس نے ڈاکووں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں۔
اجراء کی تاریخ: 26 اگست 2016 - 18:44
پاکستانی پولیس نے راولپنڈی میں ایک بینک میں ڈکیتی کے بعد 100 سے زائد بینکوں کو کام سے روکتے ہوئے انہیں بند کردیا ہے جس کے باعث صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔