مہر خبررساں ایجنسی نے العہد کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل بان کی مون نے بحرینی حکومت کی طرف سے اپوزیشن جماعت الوفاق کو تحلیل کرنے اور اس پر پابندی عائد کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
بان کی مون نے کہا کہ بحرینی حکومت کی طرف سے الوفاق پر پابندی عائد کرنے، شیخ عیسی قاسم کی شہریت سلب کرنے اور شیخ سلمان کی قید کی مدت میں اضافہ کرنے سے بحرین کے حالات مزيد کشیدہ ہوجائیں گے جبکہ بحرینی حکومت کے یہ اقدامات انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
بان کی مون نے الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف بحرینی حکومت کی کارروائی کی بھی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بحرینی حکومت اپنے مخالفین کو کچلنے کے لئے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے جس سے بحرین میں آگ مزيد شعلہ ور ہوجائے گی۔واضح رہے کہ بحرینی حکومت نے حال ہی میں اپوزیشن جماعت الوفاق کو تحلیل اور اس کے اثاثوں کو ضبط کرلیا ہے۔