مہر خبررساں ایجنسی نے بی بی سی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون آج اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے اور ان کی جگہ وزیر داخلہ تھریسا مے آج وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔ برطانیہ کے عوام نے گزشتہ ماہ ریفرنڈم میں یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ دیا تو وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے استعفے کا اعلان کر دیا تھا۔
اس کے بعد حکمران جماعت کنزرویٹو پارٹی کی قیادت اور وزارت ا عظمیٰ کے لیے کئی لو گوں کے نام لیے جانے لگے تاہم ڈیوڈ کیمرون نے اپنا جانشین برطانیہ کی وزیر داخلہ تھریسا مے کو نامزد کیا ہے۔
یکم اکتوبر 1956 کو پیدا ہونے والی تھریسا 1997 میں پہلی بار میڈن ہیڈ کے حلقے سے رکنِ پارلیمنٹ منتخب ہوئیں۔ وہ 2002 میں کنزرویٹو پارٹی کی پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب ہوئیں۔ 2010 میں وزیر داخلہ بنیں تو برطانوی تاریخ میں اس عہدے پر فائز رہنے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔
یورپی یونین سے برطانیہ کے الگ ہونے کے عوامی فیصلے پر تھریسا مے کا کہنا ہے کہ اب یورپی یونین میں رہنے کی کوئی کوشش نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی کوئی دوسرا ریفرنڈم ہوگا۔
اجراء کی تاریخ: 13 جولائی 2016 - 13:27
برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون آج اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے اور ان کی جگہ وزیر داخلہ تھریسا مے آج وزیر اعظم کے عہدے کا حلف اٹھائیں گی۔