سنگاپور میں 4 بنگلا دیشی شہریوں کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرم میں مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ سنگاپور میں 4 بنگلا دیشی شہریوں کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے جرم میں مختلف مدت کی قید کی سزائیں سنا دی گئی ہیں۔سنگاپور کے ذرائع کے مطابق اس سال مارچ کے اواخر اور اپریل کے شروع میں جنوب مشرقی ایشیاء کے اس ملک میں جن 8غیر ملکی کارکنوں کو داخلی سلامتی کے قانون کے تحت گرفتار کیا گیا تھا، یہ سزا انہی 8میں سے 4 تارکین وطن کو سنائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ 4 غیر ملکی کارکن وہ اولین ملزمان تھے، جن پر دہشت گردی کے لیے مالی وسائل مہیا کرنے کے خلاف سنگاپور کے قومی قانون کے تحت پہلی مرتبہ فرد جرم عائد کی گئی تھی۔
سنگاپور کی وزارت داخلہ کے مطابق یہ ملزمان خود کو ’بنگلہ دیش میں "اسلامک اسٹیٹ" داعش کے ارکان قرار دیتے تھے اور ان کا مقصد بنگلہ دیش کی موجودہ حکومت کو اقتدار سے علیحدہ کرنے کے بعد اس جنوبی ایشیائی ملک میں داعش کی ’خلافت‘ قائم کرنا تھا۔