تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لندن سے پاکستانی وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعہ وطن واپس لانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ایکس پریس کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لندن سے پاکستانی  وزیراعظم نوازشریف کو پی آئی اے کے خصوصی طیارے کے ذریعہ  وطن واپس لانے پر عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔  پسرور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نوازشریف کو لینے کے لیے پی آئی اے کے خصوصی طیارے کو لندن بھیجنے کے معاملے پر وزیراعظم کے خلاف پیر کو عدالت میں درخواست دائر کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف عوام پر مہنگائی کا بوجھ ہے تو  دوسری جانب حکمران بادشاہوں کی طرح عیاشی کر رہے ہیں اور ٹیکس کے پیسے سے جو عوام کا خون نچوڑ کر نکالا جاتا ہے اس پر یہ حکمران شاہانہ زندگی گزاررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے قوم کا جو پیسہ لوٹ کر باہررکھا ہوا  ہے وہ ان سے واپس لیا جائے  جب کہ کسانوں کا جو معاشی قتل نوازشریف نے کیا وہ آج تک کسی نے نہیں کیا۔