مہر خبررساں ایجنسی نے یورو نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکہ کے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) نے صدارتی نامزدگی کی ڈیموکریٹک امیدوار ہیلری کلنٹن سے ای میل اسکینڈل کے حوالے سے تفتیش کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایف بی آئی کی جانب سے ہیلری کلنٹن سے تفتیش اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ محکمہ انصاف میں سابق وزیر خارجہ کے خلاف ایک سال سے زائد عرصے سے جاری تحقیقات اب مکمل ہونے والی ہیں۔ ہیلری کلنٹن نے ایف بی آئی کی تفتیش کے حوالے سے امریکی ٹی وی این بی سی کے پروگرام 'میٹ دا پریس' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس حوالے سے تحقیقات میں تعاون کیلئے ہمیشہ تیار رہی ہیں اور انہیں خوشی ہوگی کہ وہ محکمے کی جائزہ رپورٹ کو مکمل کرنے میں معاونت کریں۔
ہیلری کلنٹن نے کہا کہ انہیں اس بارے میں کوئی علم نہیں کہ رپورٹ کب مکمل ہوگی اور ان پر کیا الزامات عائد کیے جائیں گے۔ ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم چلانے والوں کا کہنا ہے کہ ہیلری نے واشنگٹن میں ایف بی آئی کے ہیڈکوارٹرز میں ساڑھے تین گھنٹے تک سوالات کے جواب دیئے۔