مہر خبررساں ایجنسی نے سومریہ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے 2 خودکش بم دھماکوں میں 7 فوجیوں سمیت 25 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق جمعرات کی صبح بغداد کے مختلف علاقوں میں اس وقت یکے بعد دیگرے 2 خودکش کار بم دھماکے ہوئے جب لوگوں کی بڑی تعداد اپنے روزمرہ کاروبار زندگی کی انجام دہی میں مصروف تھی۔ پہلا دھماکہ بغداد کے مشرقی ضلع الجدیدہ کی مصروف تجارتی شاہراہ پر ہوا۔ جہاں خودکش بمبار نے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی عین اس وقت اڑا دی جب لوگوں کی بڑی تعداد رمضان المبارک کے سلسلے میں خریداری میں مصروف تھی، دھماکےکے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق جب کہ 50 زخمی ہوگئے۔ دوسرا حملہ بغداد کے شمالی علاقے تاجی میں واقع عراقی فوجی اڈے پر کیا گیا۔ جس میں خودکش حملہ آور نے بارودی گاڑی کو فوجی چیک پوسٹ سے ٹکرا دیا، دھماکے کے نتیجے میں 7 فوجیوں سمیت 10 افراد جاں بحق جب کہ 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ دونوں حملوں کی ذمہ داری وہابی دہشت گرد تنظیم داعش نے قبول کرلی ہے۔
اجراء کی تاریخ: 9 جون 2016 - 19:36
عراقی دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے 2 خودکش بم دھماکوں میں 7 فوجیوں سمیت 25 افراد جاں بحق جبکہ 70 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔