پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی نےایکسپریس نیوز کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سمیت پشاور کے مختلف علاقوں میں آندھی اور طوفانی بارش کے باعث حادثات کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔اطلاعات کےمطابق پشاور اور فاٹا سمیت خیبرپختونخواہ کے مختلف علاقوں میں شام سے آندھی اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مختلف حادثات رونما ہونے سے 6 افراد ہلاک جب کہ 25 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں طوفانی بارش اور تیز ہواؤں سے مکانات کی چھتیں اڑ گئیں جب کہ حادثات میں 2 بچیوں سمیت 7 افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔ ادھر محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت خیبرپختونخواہ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کے تحت آئندہ 24 گھنٹے تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔