مہر خبررساں ایجنسی ایکسپریس نیوز کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ پاکستان کے شہرلاہورمیں واڑہ گجراں میں زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے سے خیموں میں سوئے ہوئے اورنج لائن منصوبے کے 8 مزدور ہلاک جب کہ 5 زخمی ہوگئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق لاہور کے علاقے واڑہ گجراں میں قائد اعظم انٹر چینج کے قریب ایک خالی اراضی میں اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے مزدوروں نے خیمہ بستی قائم کررکھی تھی، چند روز قبل خالی اراضی کے مالکان کی جانب سے وہاں گودام کی تعمیر شروع کردی گئی تھی۔ گودام کی دیوار وہاں ڈالی گئی مٹی، تیز بارش اور ہواؤں کے جھکڑ کا دباؤ برداشت نہ کرسکی اور گر گئی۔
مزدوروں کے 3 خیمے دیوار کی زد میں آگئے اور 13 مزدور ملبے تلے دب گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارکن موقع پر پہنچے اور انہوں نے تمام مزدوروں کو نکال کر میو اسپتال پہنچادیا، جہاں ڈاکٹروں نے7 مزدوروں کی موت کی تصدیق کردی جب کہ 6 کو طبی امداد کی فراہمی شروع کردی، اسی دوران ایک اور مزدور بھی دم توڑ گیا۔ اسپتال انتطامیہ کا کہنا ہے کہ ہلاک افراد کی میتیں ان کے آبائی علاقوں کو روانہ کردی گئی ہیں۔