اجراء کی تاریخ: 14 مئی 2016 - 17:17

بنگلہ دیش میں مسلح افراد نے چاقو کے وار سے بدھ راہب کو قتل کردیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے غیر ملکی ذرائع کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ بنگلہ دیش میں  مسلح افراد نے بدھ راہب کو قتل کردیا ہے۔اطلاعات کے مطابق بنگلہ دیش میں حالیہ دنوں میں مذہبی اقلیتوں،سیکولرز اور درس و تدریس سے وابستہ افراد پر حملوں میں تیزی آئی ہے۔تازہ واقعہ میں ایک بدھ راہب کو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ بنگلہ دیش  پولیس کے مطابق واقعہ دارالحکومت ڈھاکہ سے 330کلومیٹر دور جنوب مشرقی ضلع بندربن میں پیش آیا جہاں  بدھ راہب کو ہلاک کیا گیا ۔راہب کی عمر 75 سال بتائی جاتی ہے۔ ان کی لاش بدھ مت کے مندرسے ملی ۔ بندربن پولیس کے نائب سربراہ جسیم الدین کے مطابق بدھ راہب کو چاقو اور تیز دھار آلے سے ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس سربراہ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ٹیمپل کے احاطے میں انسانی قدموں کے نشان ملے ہیں اور ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ چار یا پانچ افراد نے اندر داخل ہو کر یہ واردات کی تھی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش میں گزشتہ تین سالوں میں 20افراد کوشدت پسند کی بھینٹ چڑھایا جا چکا ہے۔ شدت پسند تنظیم داعش اور القاعدہ سے منسلک بنگلہ دیشی گروپ نے چند ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔