ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں 70 سالہ دلجندر کور نے دوسال " آئی وی ایف " کا علاج کرانے کے بعد گزشتہ ہفتوں ایک کلینک میں بچے کو جنم دیا جبکہ اُن کے شوہر کی عمر 79سال ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے ہندوستانی ذرائع کےحوالے سے نقل کیا ہے کہ ہندوستان کی ریاست ہریانہ میں 70 سالہ دلجندر کور نے دوسال " آئی وی ایف " کا علاج کرانے کے بعد گزشتہ ہفتوں ایک کلینک میں بچے کو جنم دیا جبکہ اُن کے شوہر کی عمر 79سال ہے۔۔ دلجندر کور نے امرتسر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شادی کے 46سال بعد اب بچے کی امید کھوچکے تھے اور لوگوں کے عجیب وغریب رویئے کا بھی سامنا رہا لیکن پھر ہماری دعائیں پوری ہوئیں ، اب احساس ہوتاہے کہ زندگی مکمل ہوگئی ۔ اُن کاکہناتھاکہ اب بچے کی دیکھ بھال کررہی ہوں ، اپنے آپ کو توانائی سے بھرپور محسو س کرتی ہوں جبکہ میراخاوند بھی جو کچھ کرسکتاہے ، میری مدد کرتاہے ۔
خاتون نے بتایاکہ آئی وی ایف کا اشتہار دیکھنے کے بعد ہم نے سوچا کہ ہمیں بھی ایک کوشش کرنی چاہیے کیونکہ اپنے بچے کی شدید خواہش تھی ۔ کلینک نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ کور کی عمر 72ہے ۔
یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ آئی وی ایف کے ذریعے خاتون اور مرد کے اسپرمز کے سیمپل لے کر لیبارٹری میں آپس میں ملائے جاتے ہیں اور اسی طریقے سے کور کے ہاں چند دن قبل 4.4پاﺅنڈ کے بچے کی آمد ہوئی ہے ۔
کور کے شوہر مہندر سنگھ گل نے بتایاکہ وہ عمرکے اس حصے میں ہیں کہ اب قدرت ہی ان کے بچے کی حفاظت کرے گی۔ جبکہ بچے کا نام ارمان رکھا ہے۔