مہر خبررساں ایجنسی نے سی این این کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امریکی صدر باراک اوبامہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شام میں داعش کی سرکوبی کیلئے مزید 250 اہلکاروں پر مشتمل سپیشل فورسز کا ایک اوردستہ بھیجیں گے۔ ان اضافی امریکی فورسز میں طبی اور انٹیلی جنس اہلکار شامل ہوں گے جس کے بعد شام میں امریکی فوجیوں کی تعداد 300 ہو جائے گی۔اطلاعات کے مطابق جرمنی میں اپنے سات روزہ دورے کے آخری روز”ہین اوور“یونی ورسٹی میں طلبا و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ جیسا کہ عراق میں داعش کیخلاف عراقی فوج کی مدد کرنے کیلئے ا پنے دستے روانہ کئے گئے ایسے ہی میں نے شام میں داعش سے لڑنے والے گروپوں کی مدد کا فیصلہ کرتے ہوئے 250اہلکار شام روانہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا شام میں ہمارے فوجیوں کی انتہائی محدود تعداد پہلے سے ہی داعش کیخلاف برسرپیکار ہے اور وہاں کی مقامی فوجوں نے کئی مرکزی علاقوں سے داعش کو مار بھگایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی کامیابیوں میں اضافہ کرنے کیلئے میں نے مزید فوجیو ں کو بھجوانے کی منظوری دی ہے۔ شام میں مداخلت کو خارج ازامکان قرار دیتے ہوئے اوباما نے کہا کہ امریکی قیادت میں قائم اتحاد رقہ اور موصل جیسے علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں کے خلاف فضائی کارروائیاں جاری رکھے گا۔
اجراء کی تاریخ: 25 اپریل 2016 - 17:34
امریکی صدر باراک اوبامہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ شام میں داعش کی سرکوبی کیلئے مزید 250 اہلکاروں پر مشتمل سپیشل فورسز کا ایک اوردستہ بھیجیں گے۔